آم اور کینو کی فصل کو کیڑوں کے حملوں سے بچانے کیلئے نیٹ لگانے کا نظام متعارف کرایا ہے، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سکندر حیات بوسن

بدھ 11 مئی 2016 17:37

اسلام آباد ۔ 11 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ فصلوں پر کیڑے مار ادویات سے ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی ہے، ہم نے آم اور کینو کی فصل کو کیڑوں کے حملوں سے بچانے کے لئے نیٹ لگانے کا نظام متعارف کرایا ہے۔ ہر صوبائی دارالحکومت میں ایک جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو ایوان بالا میں سید طاہر حسین مشہدی، کلثوم پروین اور سینیٹر ایم حمزہ کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈز سیکورٹی سکندر حیات بوسن نے ایوان کو بتایا کہ فصلوں پر کیڑے مار ادویات کے چھڑکاؤ سے ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی ہے، اس مسئلے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے کیڑے مار ادویات سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیڑے مار ادویات کے استعمال کے منفی اثرات کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔ کپاس کی فصل میں استعمال ہونے والی دو ادویات پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اسلام آباد میں ایک لیبارٹری قائم کر دی گئی ہے۔ اگلے سال تک ہر صوبائی دارالحکومت میں ایک لیبارٹری بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :