بنچ اور بار کی کوشش سے ضلع کچہری میں تین نئی عدالتیں ،360چیمبر ز کی تعمیر مکمل کر لی گئی

جمعرات 12 مئی 2016 14:54

فیصل آباد۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء )بنچ اور بار کی مشترکہ کوششوں سے ضلع کچہری میں تین نئی عدالتوں اور 360چیمبر ز کی تعمیر مکمل کر لی گئی جس کا افتتاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی کریں گے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں وکلاء کو نئے چیمبر ز کی فراہمی کا سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالتوں کی تعمیر کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے مشترکہ طور پر اقدامات اٹھائے جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

سیشن جج عابد حسین قریشی کی کاوش سے ضلعی انتظامیہ نے 2کنال 6مرلہ اراضی پر وکلاء کے لئے نئے چیمبر اور عدالتوں کی تعمیر کے لئے این او سی جاری کر دیا جس کے بعد ڈسٹرکٹ بار انتظامیہ کی طرف سے تین عدالتوں اور 360چیمبر ز کی تعمیر کے لئے فنڈز کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔ان عمارات میں سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کی تین عدالتوں کو 9کمرے دیئے جائیں گے جہاں ججز کے ریٹرنگ ، ریکارڈ روم اور عملہ عدالتی امور سر انجام دے گا جبکہ باقی چیمبر ز وکلاء کے لئے وقف کر دیئے جائیں گے۔