گذشتہ برس پنجاب میں ترشاوہ پھلوں کی 23 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی

ہفتہ 14 مئی 2016 15:00

راولپنڈی۔14مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مئی۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب میں ترشاوہ پھلوں کا زیر کاشت رقبہ 4 لاکھ 51 ہزار 120 ایکڑ ہے جبکہ سال 2014-15 کے دوران ترشاوہ پھلوں سے 23 لاکھ 28 ہزار 90 میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ زرعی ترجمان کے مطابق پنجاب میں اگرچہ ترشاوہ پھلوں کا رقبہ بڑھ رہا ہے مگر اس تناسب سے پیداوار نہیں بڑھ رہی۔

پیداوار میں کمی کی ایک وجہ کم اور غیر متوازن کھادوں کا استعمال ہے۔

(جاری ہے)

باغات کی کانٹ چھانٹ کے بعد پودوں کی صحت کو برقرار رکھنے ، بہتر پیداوار اور اعلیٰ خاصیت کے حامل پھلوں کے حصول کیلئے باغات میں نامیاتی و غیر نامیاتی کھادوں کا استعمال بہت ضروری ہے۔ باغبان نائٹروجن کھا د کی دوسری قسط پھل سیٹ ہونے کے بعد یعنی اپریل کے آخر میں جبکہ تیسری قسط آخر اگست میں ڈالیں۔ نائٹروجنی کھاد کیلئے کیلشیم امونیم نائٹریٹ 1200گرام فی پودا یا یوریا 750گرام فی پودا استعمال کریں۔ پھلدار پودوں کیلئے موسم گرما میں اپریل سے ستمبر تک پانی کا وقفہ 10 سے 15 دن تک رکھیں۔ باغات میں ہل چلانے کے بعد درختوں کے نیچے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہلکی گوڈی کریں۔

متعلقہ عنوان :