میر ظفر اﷲ جمالی اورڈاکٹر جمال ناصر کے درمیان ملاقات، قومی و سیاسی امور ، ملکی صورت حال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال

سابق وزیراعظم کا موجودہ حالات کے تناظر میں جمہوری استحکام کیلئے تمام اختلافی امور باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور

جمعرات 26 مئی 2016 21:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء ) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میر ظفر اﷲ خان جمالی نے جمعرات کو راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ڈاکٹر جمال ناصر کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس دوران قومی و سیاسی امور ، ملکی صورت حال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیر اعظم پاکستان کے سابق پولیٹکل سیکریٹری یحیی منور اور ایم پی اے راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ چیئرمین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ راولپنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

میر ظفر اﷲ خان جمالی نے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حالات کے تناظر میں جمہوری استحکام کے لئے تمام اختلافی امور باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور قومی سیاست میں ڈاکٹر جمال ناصر اور ان کے اہل خانہ کی خدمات کو سراہا انہوں نے مادر ملت فاطمہ جناح کے سیاسی رفقاء کے طور پر ڈاکٹر جمال ناصر کے والدنثار احمد نثار کے ساتھ اپنی سیاسی رفاقت اور جمہوریت کے لئے جدو جہد کا بھی ذکر کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمال ناصر نے میر ظفر اﷲ خان کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی آمد کا شکریہ ادا اور کہا کہ انہوں نے ایک سینئر پارلیمنٹیرئن اور سیاسی رہنما کے طور پر قومی اتحاد ، یکجہتی ، ملکی ترقی اور سیاسی مفاہمت کے لئے سرگرم کردار ادا کیا اور وزیر اعظم پاکستان کے طور پر بھی ان کی خدمات نمایاں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر ظفر اﷲ خان جمالی نے بحالی جمہوریت اور بلوچستان کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ طبیعت کی ناسازی کے باوجو د ملکی سیاسی تاریخ کے اہم ادوار میں جمہوری نظام کی مضبوطی اور ملکی استحکام و ترقی کے لئے اپنی خدمات پیش کیں اور محب وطن پاکستانی اور قومی رہنما کے طور پر ان کی سیاسی جدوجہد نوجوان سیاسی رہنماوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

میر ظفر اﷲ خان جمالی نے اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر کی صاحبزادیوں کی شادی پر اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :