بچوں کو جنسی و گھریلو تشدد اوران کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘صباء صادق

وزارت انسانی حقوق نے بچوں کے تحفظ کیلئے فوجداری قانون دوسری ترمیم کے ساتھ منظور کرلیا ،صوبائی سطح پر لاگو کر دیا گیا ہے

بدھ 1 جون 2016 22:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اینڈ ویلفیئر صباء صادق نے کہا ہے کہ بچوں کو جنسی و گھریلو تشدد اوران کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،وہ بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں جو وزارت انسانی حقوق اور یونیسیف کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

صباء صادق نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بے سہارا اور بھکاری بچوں کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے ۔ہمیں مل کر اس ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے بچوں کے تحفظ کیلئے فوجداری قانون دوسری ترمیم کے ساتھ منظور کرلیا ہے جس کو صوبائی سطح پر لاگو کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس قانون پر عملدرآمد کیلئے چائلڈ پروٹیکشن کے کردار پر روشنی ڈالی۔

صباء صادق نے کہا کہ بچوں کے حقوق اورانہیں نیک و کامیاب شہری بنانے کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔بعد ازاں اس سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں بچوں کو جنسی تشدد‘ گھریلو تشدد اوربچوں کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی بتادلہ خیال کیا گیا، سیمینار میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق ندیم اشرف بھی شامل تھے جنہوں نے وعدہ کیا کہ اس قانون پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔