متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت

اتوار 12 جون 2016 15:14

متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی کی پاک سر زمین پارٹی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جون۔2016ء) صوبہ سندھ کے کراچی کے حلقہ پی ایس 127 ملیرسے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اور رکن اسمبلی کی نشست سے مستعفیٰ ہونے کی وجہ سے حلقہ پی ایس 127 ملیر کے ضمنی الیکشن 13 جولائی کو منعقد ہو رہے ہیں۔ پی ایس حلقہ 127 ملیر کے ضمنی الیکشن کے لیے 21 امیدواروں نے کاگذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں،کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والوں میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ بلوچ، متحدہ قومی موومنٹ کے منظور جوکھیو، اور حمید الظفر، پاکستان تحریکِ انصاف کے ندیم میمن و صائمہ ندیم اور مہاجر قومی موومنٹ حقیقی کے ثناء اللہ قریشی سمیت کئی آزاد امیدوار شامل ہیں۔

2013کے عام الیکشن میں کامیاب ہونے متحدہ قومی موومنٹ کے اشفاق منگی نے 59811 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ ان مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے محمد اشرف ایڈوکیٹ 15158 ووٹ لے کر دوسرے نمبر تھے۔

(جاری ہے)

13 جولائی کو ہونے والے صوبائی حلقہ پی ایس 127 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی ، متحدہ اور پی ٹی آئی میں بھرپور مقابلے کا امکان ہے،تا ہم یاد رہے اس سے قبل کراچی کے قومی اسمبلی کے ایک حلقے اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں کے لیے ضمنی الیکشن ہو چکے ہیں،اور تمام حلقوں میں نہایت کم ٹرن آوٴٹ کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ نے میدان مارا تھا۔