اسلحہ کنٹرول ٗامریکی سینیٹ میں چاروں بل مستردکر دیئے گئے

اوباما اور ڈیموکریٹک پارٹی اسلحہ کی فروخت پر کنٹرول قائم کرنے کے حق اور ری پبلکن پارٹی مخالف ہے ٗ رپورٹ

منگل 21 جون 2016 22:47

اسلحہ کنٹرول ٗامریکی سینیٹ میں چاروں بل مستردکر دیئے گئے

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) امریکا میں اسلحہ خریدنے کی کھلی چھوٹ کو ختم کرنے کی ایک اور کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب امریکی سینیٹ نے اسلحے پر کنٹرول کے حوالے سے پیش کیے جانے والے 4 بل مسترد کردیے۔گزشتہ دنوں ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملے میں 49 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکا میں گن کنٹرول کے معاملے پر بحث دوبارہ گرم ہوگئی ہے۔

امریکی صدر براک اوباما اور ان کی ڈیموکریٹک پارٹی اسلحہ کی فروخت پر کنٹرول قائم کرنے کے حق میں ہیں جبکہ ری پبلکن پارٹی اس کی مخالف ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکا کے بعض سینیٹرز پرامید ہیں کہ آنے والے دنوں میں دہشت گردوں کی فہرست میں شامل افراد کی اسلحے تک رسائی کو روکنے کے حوالے سے اتفاق رائے ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کیے جانے والے قانونی مسودوں پر ریپبلکنز کا اختلاف برقرار رہا، ریپبلکن سینیٹرز اور نیشنل رائیفل ایسوسی ایشن (این آر اے) میں موجود ان کے ساتھیوں نے موقف اختیار کیا کہ بل بہت زیادہ امتناعی ہیں اور شہریوں کے اسلحہ رکھنے کے آئینی حق سے متصادم ہیں۔ڈیموکریٹس نے بھی ریپبلکنز کی جانب سے پیش کردہ دونوں بلز پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ناقص قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ یہاں این آر اے کی غلامی کررہے ہیں۔

فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر بل نیلسن نے مسودہ مسترد ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اب میں اورلینڈو کے شہریوں کو کیا جواب دوں گا؟ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑے گا کہ این آر اے پھر جیت گیا۔نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کے عہدیدار کرس کاکس نے ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کردہ ترامیم پر تنقید کی اور انہیں مسترد کرنے پر ریپبلکنز کا شکریہ ادا کیا۔ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے اکثریتی رہنما مچ میک کونیل نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کردہ تجاویز غیر موثر تھیں, جبکہ ریپبلکنز کی خواہش ہے کہ دہشت گردی کے خطرے سے امریکیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی ٹھوس حل نکالا جائے۔

متعلقہ عنوان :