سمن آباد میں نوجوان کے قتل کے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں چار دن کی توسیع

منگل 21 جون 2016 23:07

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جون ۔2016ء )انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سمن آباد میں نوجوان کے قتل کے مرکزی ملزم سلیم چودھری کے جسمانی ریمانڈ میں چار دن کی توسیع کر دی ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد الیاس کے روبرو سی آئی اے پولیس نے دو نوجوانوں کے قتل کے مرکزی ملزم محمد سلیم کو سخت سکیورٹی میں پیش کیا، پولیس نے استدعا کی کہ ملزم محمد سلیم کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے کیونکہ کیس کی تفتیش ابھی مکمل کرنا باقی ہے جس پر عدالت نے ملزم محمد سلیم کا چار روزہ مزید جسمانی ریمانڈ دیدیا جبکہ دیگر ملزمان ساجد چودھری اور صوام چودھری کو بھی اسی کیس میں عدالت میں پیش کیا گیا، ملزموں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ انہیں سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں ملوث کیا گیا، مقدمہ کا مدعی محمد سلیم ہی دونوں نوجوان کے قتل کا ذمہ دار تھا جسے پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے اور اسے ملزم قرار دیدیا ہے جبکہ ساجد اور صوام کیخلاف کوئی شواہد نہیں ملے لہذا ان کے نام مقدمے سے خارج کئے جائیں، پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی کہ اگرچہ ان دونوں ملزموں کے خلاف قتل میں ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم ان دونوں ملزموں کے حوالے سے تفتیش ابھی جاری ہے، اگر آئندہ تاریخ سماعت پر بھی کوئی شواہد نہ ملے تو ان ملزموں کی مقدمے سے اخراج رپورٹ عدالت میں پیش کر دی جائے گی اور ان کے نام مقدمے سے خارج کر دیئے جائیں گے جس پر عدالت نے مزید سماعت چار دن کیلئے ملتوی کر دی۔