بہاریہ کماد کو نائٹروجن کھاد کی آخری قسط فوری ڈالنے کی ہدایت

پیر 27 جون 2016 16:11

فیصل آباد۔27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون۔2016ء) ماہرین زراعت نے بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط فوری ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ جن کاشتکاروں نے ابھی تک کھیتوں میں نائٹروجن کھاد کی آخری قسط نہیں ڈالی و آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران فصل کو کھاد کی تیسری خوراک کے طور پر آخری قسط ڈال دیں تاکہ فصل کا اگاؤ بہتر ہو سکے نیز اگر کھاد دیر سے ڈالی گئی تو برسات شروع ہونے پر فصل کی بڑھوتری پھوٹ کرنے لگے گی جس سے گنے کے گرنے کا خطرہ بھی ہو سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کماد کی فصل پر گڑووٴں کے حملے کے کوئی شواہد نظر آئیں تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانے دار زہروں کا استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زہروں کے استعمال کے بعد کھیتوں کو پانی لگانے کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکا ر موسم برسات میں کماد کی فصل کیلئے پانی کے تناسب کا خاص خیال رکھیں انہوں نے بتایاکہ کماد کی فصل کو 16 مرتبہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا اگر موسم اور ضرورت کے مطابق کماد کی فصل کو سیراب کیا جائے تو گنے کی فی ایکڑ بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔