کاشتکار کپاس کی فصل کو کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دیں،ماہرین

پیر 27 جون 2016 16:11

فیصل آباد۔27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون۔2016ء)اگیتی کاشتہ کپاس بھرپورپھول وڈوڈی کے مرحلہ پر پہنچ گئی ہے جبکہ کاشتکاروں کو موجودہ مرحلہ پر فصل کو کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ کپاس کی اچھی پیداوارکیلئے بی ٹی اقسام اگر لائنوں میں کاشت کی گئی ہے تو پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے35دن بعد جبکہ بقیہ آبپاشیاں 12 سے 15دن کے وقفہ سے اور پٹڑیوں پر کاشت کی صورت میں بوائی کے بعد پہلا پانی 3سے4 دن بعد اور بقیہ آبپاشیاں 6 سے9دن کے وقفہ سے کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پودے کو پانی کی کمی کی علامات ظاہر ہونے پر ہرصورت پانی دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پانی کے باکفائت استعمال کیلئے ٹینشیو میٹر کااستعمال کریں تاکہ فصل کو ضرورت کے مطابق پانی مل سکے۔انہوں نے کہاکہ آبپاشی کی کمی والے علاقوں میں متبادل کھیلیوں میں پانی دینے سے بہتر پیداوار لی جاسکتی ہے تاہم اس طریقہ آبپاشی میں تمام کھیلیوں کی نمبرنگ کرنے کے بعد پہلی آبپاشی پر جفت کھیلیوں میں پانی چھوڑاجائے اور طاق کھیلیوں کو بند رکھا جائے اسی طرح دوسری آبپاشی میں صرف طاق کھیلیوں کو پانی دیتے ہوئے جفت کھیلیوں کو بند رکھاجائے ۔