کاشتکار بارشوں کے دوران کپاس کے تحفظ کیلئے درج ذیل سفارشات پر عمل کریں ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت

بدھ 13 جولائی 2016 13:28

بھکر۔13 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جولائی۔2016ء)اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (پلانٹ پروٹیکشن)شاہد حسین نے کپاس کے کاشتکاروں سے کہا ہے کہ کپاس حساس فصل ہونے کی وجہ سے بارش اور ہوا میں موجود نمی سے زیادہ متاثر ہوتی ہے۔اس لیے کاشتکار بارشوں کے دوران کپاس کے تحفظ کیلئے درج ذیل سفارشات پر عمل کریں۔کپاس کی ڈرل سے کاشتہ فصل کو کھیلیوں میں تبدیل کردیں۔

بارش کے پانی کو کپاس کے کھیتوں اور کھالوں میں کھڑا نہ ہونے دیں اور پانی کے نکاس کا جلد انتظام کریں تاکہ پودوں کی جڑیں متاثر نہ ہوں۔اس مقصد کیلئے کپاس کے کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ 4فٹ گہری اور 2فٹ چوڑی کھائی کھود کر فالتو پانی کو اس میں جمع کردیں۔کپاس کے کھیت میں کھڑا پانی کسی قریبی نچلے کماد،چارے یاخالی کھیت میں نکال دیں یاموٹر پمپ کے ذریعے کھیتوں سے پانی نکالنے کا بندوبست کریں۔

(جاری ہے)

اگر فصل پیلی ہوجائے تو پانی نکالنے کے بعد زمین وتر آنے پر یوریا کا 2فیصد محلول بناکرسپرے کریں تاکہ پودوں کی نشونمادوبارہ شروع ہوسکے۔ نیز ضرورت پڑنے پر 10دن بعد یوریا کے محلول کا دوبارہ سپرے کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(پلانٹ پروٹیکشن)نے کہاہے کہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر موسمی پیشین گوئی توجہ سے سنیں اور اسکے مطابق کپاس کی فصل کی آبپاشی کریں۔