ضلعی حکومت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ڈی سی او

بدھ 13 جولائی 2016 23:00

ملتان۔13 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جولائی ۔2016ء ) ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر و ایڈ منسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اس ضمن میں واسا اور ٹی ایم اے انتظامیہ کو مطلوبہ فنڈز جا ری کر کے فوری فلٹر تبدیلی اور دیگر مرمت مکمل کر کے تمام واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ چالو کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس کو ایک ہفتے میں مکمل طور پر چالو کر دیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ واسا اور ضلعی حکومت کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ انہوں نے تعیناتی کے فوری بعد صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدا مات شروع کر دیئے ہیں اس سلسلے میں تمام واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس کی موثر مرمت اور بحالی کیلئے نجی سیکٹر سے معاونت حاصل کر نے کا فیصلہ کیا ہے پہلے مرحلے میں مذکورہ پلانٹس مخیر حضرات کے حوالے کئے جا رہے ہیں جو انکی مکمل دیکھ بھال کے ذمہ دار ہونگے ضلعی حکومت انکی مکمل سر پرستی کرے گی۔

دوسرے مرحلے میں شجاع آباد اور جلالپور پیروالا سمیت یہی علاقوں میں بھی صاف پانی سکیم شروع کی جارہی ہے تاکہ ہر شہری کو بیماریوں سے بچا یا جا سکے ۔نادر چٹھہ نے واسا حکام کو ہدایت کی کی نجی سیکٹر کو فراہم کئے جانے والے تمام پلانٹس کی مکمل فہرست تیار کی جائے اورضروری مرمت و اپ گریڈیشن فوری مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔قبل ازیں اجلاس میں واسا کی جانب سے مون سون بارشوں کے سلسلے میں حفاظتی اقدا مات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :