فائیو سٹار ہوٹل کے کمرے سے مردہ حالت میں ملنے والی لڑکی کا معمہ حل نہ ہو سکا ،پو سٹمارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے

رابعہ کے سر میں ایک گولی لگی ،پرس سے برآمد ہونیوالی گولی اور سر سے نکالی گئی گولی کو فرانزک لیب بھجوا دیا گیا،ہوٹل کے 12ملازمین سے تفتیش

ہفتہ 30 جولائی 2016 18:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) مال روڈ پر واقع فائیوسٹار ہوٹل کے کمرے سے مردہ حالت میں ملنے والی لڑکی کا معمہ حل نہ ہو سکا،پوسٹمارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا ء کے حوالے کر دی گئی ،پولیس نے ہوٹل کے 12ملازمین کو حراست میں لے کر بیان ریکارڈ کر لئے جنہیں بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مال روڈ پرو اقع فائیو سٹار ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی باٹا پور کی رہائشی رابعہ نصیر کامیو ہسپتال میں پوسٹمارٹم کیا گیا جس کے بعد لاش ورثا ء کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق رابعہ کے سر میں ایک گولی لگی ہے، رابعہ کے سر میں لگنے والی گولی کو نکال کر اسے فرانزک لیب بھجوا دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق رابعہ کے پرس سے برآمد ہونے والی گولی اور سر سے نکالی گئی گولی کو میچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں پائے گئے۔ ہوٹل میں دوران تفتیش ملنے والے شواہد بھی فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق رابعہ نے خود کشی کی ہے یا اس کو قتل کیاگیا ہے اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا، فرانزک رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ہوٹل کے 12ملازمین سے تفتیش کی ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق رابعہ کے موبائل فون کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے بھی درخواست دیدی گئی ہے ۔ ایک نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ رابعہ کے پاس پستو ل اور 28راؤنڈ تھے ۔

ایک میگزین پستول کے اندر جبکہ ایک میگزین رابعہ کے پرس میں موجود تھا ۔ایف آئی آر میں رابعہ کو کنیرڈ کالج کی طالبہ بتایا گیا ہے جبکہ وہ وہاں زیر تعلیم ہی نہیں تھی ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سخت سیکورٹی کے باوجود اسلحہ ہوٹل کے اندر کیسے گیا ،ان خطوط پر بھی تفتیش شروع کردی ہے

متعلقہ عنوان :