بارانی علاقوں کے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے دوران زمینوں میں وتر کو محفوظ کریں، محکمہ زراعت

جمعرات 4 اگست 2016 16:53

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 اگست۔2016ء) بارانی علاقوں کے کاشتکار مون سون کی بارشوں کے دوران زمینوں میں وتر کو محفوظ کریں ۔ بارانی علاقوں میں فصلوں کی کاشت کا تمام تر دارومدار باران رحمت کے نزول پر ہے۔

(جاری ہے)

بارانی علاقوں میں فصلات کی کامیاب کاشت اور زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے بارشوں کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانا اور صحیح طریقہ سے استعمال کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ان علاقوں میں ہونے والی سالانہ بارشوں کا دو تہائی حصہ موسم گرما میں اور ایک تہائی حصہ موسم سرما میں ہوتا ہے۔ حالیہ بارشوں کے وتر کو محفوط کرنے کے لئے ڈھلوان کی مخالف سمت گہرا ہل چلایا جائے، کھیتوں کو ہموار کیا جائے، وٹ بندی مضبوط کی جائے اور کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھا جائے۔ دیسی کھاد یا سبز کھاد کا استعمال بڑھایا جائے۔