سی ڈی اے نے جشن ِ آزادی کی تقریبات کا اعلان کر دیا

5اگست سے شروع ہونے والی یہ تقریبات 14 اگست تک شہر کے مختلف مقامات پر منعقد کی جائیں گی

جمعہ 5 اگست 2016 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اگست ۔2016ء ) سی ڈی اے نے جشن ِ آزادی کی تقریبات کا اعلان کر دیا ہے۔ 5اگست سے شروع ہونے والی یہ تقریبات 14 اگست تک شہر کے مختلف مقامات پر منعقد کی جائیں گی۔ جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں 11 اگست سے 13 اگست تک سپورٹس کمپلیکس میں ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ 7 اگست کو کلین پاکستان جشنِ آزادی واک کا انعقاد لیک ویو پارک میں کیا جائے گا۔

جشن ِ آزادی کے سلسلے میں سی ڈی اے نے F-9 پارک میں تین روزہ جشن آزادی میلہ منعقد کرنے کا بھی اہتمام کیا ہے جو 12 سے 14اگست جاری رہے گاجبکہ دامنِ کوہ اورF-9 پارک میں بارہ دری کے مقام پر 5 سے 14اگست تک روزانہ شام کو میوزیکل ایوننگ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ 13 اور14 اگست کو لیک ویو کے مقام پر دو روزہ Bird Show کا انعقاد کیا جائے گاجبکہ 13 اور14 اگست کو آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج میں تصویروں کی نمائش کے علاوہ بچوں کے درمیان موسیقی اور مصوری کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ممبر انوائرنمنٹ و فنانس ثنااﷲ امان نے کہا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے کی خصوصی ہدایت پر جشنِ آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں شہریوں کو شریک کرنے کے لیے رنگا رنگ تقریبات کا انتطام کیا گیا ہے۔