( ن) کا مطلب خون ہے، یہ اقتدار کیلئے لوگوں کا خون کرنے سے بھی نہیں کتراتے‘ حکمران خود کو طاقتور سمجھتے ہیں‘ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے‘جمہوریت قانون کی حکمرانی کا نام جو بدقسمتی سے ہمارے ملک میں نہیں ہے

عوامی تحر یک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری کاانٹرویو

جمعہ 5 اگست 2016 22:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اگست ۔2016ء) عوامی تحر یک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمران خود کو طاقتور سمجھتے ہیں‘ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے‘جمہوریت قانون کی حکمرانی کا نام جو بدقسمتی سے ہمارے ملک میں نہیں ہے۔جمعہ کے روز اپنے ایک انٹر ویو میں عوامی تحریک کے قائد پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹان کے شہیدوں کا قصاص لیں گے،اس سانحہ میں 14افراد شہید ہوئے تھے۔

قتل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائینگے،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پولیس افسر حکمرانوں کے ذاتی نوکر ہیں،ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے،میں شفاف جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں،جواب دہ نہ ہونے پر آمریت کو برا طرز حکومت خیال کرتے ہیں،جمہوریت میں طاقت عوام کے پاس ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں وزیراعطم ہر روز پارلیمنٹ فلور پر آتا ہے لیکن یہاں معاملہ کچھ اور ہے۔

علامہ محمد اقبال ور قائداعظم محمد علی جناح آج ہوتے تو موجودہ حکمرانوں کے مقابلے میں نہ جیت پاتے،دھرنا ختم کرنا جدوجہدکے تسلسل میں ایک بریک تھی،ہم تحریک قصاص چلا رہے ہیں،ہماری تحریک قصاص کے احتجاج میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے شامل ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے،تحریک انصاف،پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ ق ،عوامی مسلم لیگ کے لیڈرز ہر جگہ اور ہر سطح کے احتجاج میں شریک ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ( ن) کا مطلب خون ہے،اس جماعت کو اقتدار چاہیے اسے چاہے جو بھی کرنا پڑے،یہ اقتدار کیلئے لوگوں کا خون کرنے سے بھی نہیں کتراتے‘نواز شریف کے ووٹ پاپولر نہیں مکینیکل ہیں۔