سینئرصحافی محمود زمان مر حوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

ہفتہ 6 اگست 2016 23:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 اگست ۔2016ء) لاہور پریس کلب کے لائف ممبر اورسینئرصحافی محمود زمان مر حوم کی یاد میں لاہور پریس کلب کے زیراہتمام تعزیتی ریفرنس کاانعقادکیاگیا،تعزیتی ریفرنس میں سینئرصحافیوں، کالم نگاروں اور عزیزواقارب نے بھرپورشرکت کی۔ اس موقع پرلاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں، نائب صدر عبدالمجید ساجد، اور اراکین گورننگ باڈی کے شیر افضل بٹ بھی موجود تھے۔

صدر لاہور پریس کلب نے کہا کہ بلا شبہ ایک ایماندار اور دیانت دار صحافی تھے۔غریب ہونا جرم نہیں بلکہ بد دیانت ہونا جرم ہیں۔ ہمارے رویے لوگوں کو قبول کرنے والے ہونے چاہیے۔محمود زمان جیسے سینئرممبران ہمارے لئے رول ماڈل ہے اور سینئر ممبران کی وجہ سے ہی کلب آج اس مقام پر ہے۔

(جاری ہے)

تعزیتی ریفرنس سے خاور نعیم ہاشمی، سینئرایڈووکیٹ راجہ عبدالرحمان ، امتیاز راشد، ناصرنقوی،شوکت علی، جاوید سید،نعیم الحق، تاثیر مصطفی، صادق جعفری، علامہ صدیق اظہر، عباد الحق ، چوہدری بخت گیر، انتخاب خنیف شیخ، تاثیر مصطفی ،مو لوی سعید اظہر ودیگر نے خطاب میں محمود زمان مرحوم کی صحافتی زندگی کے حوالے سے مختلف واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک سچے کھرے اور پیشہ ورصحافی تھے اور انھوں نے اپنی ساری عمر دوریشانہ روش میں گذاری،وہ ناصرف ایک اچھے صحافی تھے بلکہ ایک انسان دوست شخصیت بھی تھے ،کسی دوست کو اگرتکلیف میں دیکھتے تو پریشان ہوجاتے۔

انھوں نے کہا کہ محمود زمان نے آزادی صحافت کیلئے جو کردار ادا کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ شرکاء مجلس نے مرحوم کی مغفرت اوردرجات کی بلندی کے لئے دعاکی۔