پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کی ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کا نظام متعارف کروا دیا

ہفتہ 13 اگست 2016 16:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں کی موثرنگرانی کے لیے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کا اداروی ڈھانچہ قائم کر دیا ہے،مانیٹرنگ اسسٹنٹس کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے ٹیبلٹس مہیا کرنے کے علاوہ ان کی جدید خطوط پر تربیت بھی کی گئی ہے تاکہ بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبوں کی شفافیت کا اعلیٰ معیار بر قرار رہے ۔

یہ بات منیجنگ ڈائریکٹرپیف طارق محمود نے ضلعی مانیٹرنگ سٹاف کی دوروزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔ چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں 36اضلاع سے 96مانیٹرنگ اسٹنٹس نے شرکت کی ۔ اس موقع پر انہیں سکولوں کی مانیٹرنگ کے قواعد وضوابط اور طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے طارق محمود نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیمی شعبہ میں اہم سروس پرووائیڈر ہے جس نے نجی سکولوں کے ساتھ اشتراک کرکے غریب ترین بچوں کو مفت تعلیم مہیا کی ہے ۔

ان پارٹنر سکولوں کے ساتھ مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق تعلیمی اشتراک کو نہایت شفاف انداز میں آگے بڑھایا گیا ہے ۔ اس حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں سکول سکیورٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ سٹاف اپنے اضلاع کے سکولوں میں فرنیچر ، پینے کے صاف پانی اور کلین ٹائلٹ کی سہولتوں کے معیار کابھی جائزہ لے ۔

انہوں نے بتایا کہ پیف میں مرکزی شکایات سیل کے قیام سے سکول پارٹنرز کے مسائل کے بروقت ازالے میں مدد ملی ہے ۔ تقریب سے ڈائریکٹر مانیٹرنگ سمیت مختلف شعبوں کے نمائندوں نے خطاب کیا اور شرکاء کو مانیٹرنگ کے قواعداور طریقہ کار کے مختلف پہلوؤں سے آگا ہ کیا ۔ دریں اثناء ایم ڈی پیف طارق محمود سے برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی امداد کے چار رکنی وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔اس موقع پر فروغ تعلیم کی حکمت عملی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ۔طارق محمود نے اجلاس کو بتا یا کہ کوالٹی ایجو کیشن کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ1251خصوصی طالب علموں کو 7مختلف اضلاع کے 194پارٹنر سکولوں کے توسط سے مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :