ترکی ، دیار بکر میں کار بم دھماکا ، 3 افراد ہلاک ،25 زخمی

منگل 16 اگست 2016 12:33

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اگست ۔2016ء) ترکی کے جنوب مشرق میں واقع سب سے بڑے شہر دیار بکر کے نواح میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس افسروں سمیت تین افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوگئے ۔حکام نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) پر اس بم حملے کا الزام عاید کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بم دھماکا دیار بکر اور اس سے مشرق میں واقع شہر بسمل کے درمیان شاہراہ پر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی گورنر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ کار بم حملے میں پولیس کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے اور زخمیوں میں پانچ پولیس افسر بھی شامل ہیں۔ٹیلی ویڑن پر نشر کی گئی ویڈیو کے مطابق بم دھماکے سے پولیس کی تین منزلہ عمارت تباہ ہو گئی ہے۔ترک سکیورٹی فورسز اور کرد باغیوں کے درمیان ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں جولائی 2015ء سے لڑائی جاری ہے اور یہ لڑائی حکومت اور کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے درمیان ڈھائی سالہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد چھڑی تھی۔

متعلقہ عنوان :