جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات لگوائیں،محکمہ لائیو سٹاک

جمعرات 15 ستمبر 2016 15:29

سرگودھا۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 ستمبر۔2016ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کے ترجمان نے مویشی پال افراد سے کہا ہے کہ اس موسم میں جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتاہے لہٰذا مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منہ کھر کا وائرس جانوروں کے منہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتاہے جس سے جانوروں کی زبان ، تالو، مسوڑھوں ، ہوانہ اور کھروں کے درمیان چھالے بن جاتے ہیں اور تیز بخار ہو جاتا ہے اور وہ چارہ کھانا چھوڑ دیتے ہیں۔اسی طرح مویشیوں کے منہ میں سرخ دھبے بن جاتے ہیں اور رال ٹپکنا شروع ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے ہسپتالوں اورڈسپنسریوں میں منہ کھر سے بچاؤ کی ویکسین موجود ہے لہذا مویشی پال حضرات محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری ہسپتالوں سے مویشیوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگوائیں۔

متعلقہ عنوان :