عصر حاضر کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، حل تعلیم میں مضمر ہے،ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

پیر 19 ستمبر 2016 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 ستمبر۔2016ء) ڈریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے شعبہ تعلیم سے وابستہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کردار ادا کریں اور اسلام کے پیغام امن کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں جبکہ دین اسلام میں متشدد رویوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار ریکٹر جامعہ نے حالیہ دنوں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام مکہ میں ”اسلام امن و اعتدال کا پیغام“ کے موضوع پر منعقدہ ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اسلام میں کوئی جگہ نہیں، اسلام امن باٹنے والا دین ہے جس کا پیغام باہمی بحث و مباحثہ کو دنیا کے ہر فورم پر فروغ دے کر ہر طرف پہنچایا جا سکتا ہے تاکہ اسلام کیخلاف پھیلائی گئی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے مزید کہا کہ مسلم امہ کو یہ بات تسلیم کر لینی چاہیے کہ عصر حاضر کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں بلکہ تعلیم اس کا دیرپا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا بامعنی کردار اس مسئلے کے حل میں ناگزیر ہے ، کیونکہ یہ ادارے معاشرے کی ترقی کی ضمانت ہین اور انہی سے تربیت یافتہ پر امن اور متوازن شخصیت کے نوجوان ایک مستحکم معاشرے کی تشکیل کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقے کو اسلامی پیغام امن کی روشنی میں تعلیمات دے کر ترقی کی راہیں امت کے لیے کھولی جا سکتی ہیں۔ کانفرنس سے رابطہ عالم اسلامی کے نئے سیکرٹری جنرل عبدالکلام عیسیٰ اور کئی ممالک کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا ،ریکٹر جامعہ نے رابطہ عالم اسلامی کے نئے سیکرٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر کے جلد اپنے دورہ کے اطلاع کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :