حکومت نے تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا

وزیر داخلہ چودھری نثار کی وزیر اعلی شہباز شریف سے 24 گھنٹوں میں دوسری ملاقات ، رائے ونڈ مارچ پر تبادلہ خیال کارکنوں کو جوابی ردعمل دینے سے منع کردیا گیا ،امن عامہ کی صورتحال خراب کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ‘ ذرائع

بدھ 21 ستمبر 2016 19:51

لاہور /اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) حکومت نے تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا، پارٹی کی جانب سے کارکنوں کو جوابی ردعمل دینے سے منع کردیا گیا جبکہ جلسے کے روز مسلم لیگ (ن)کے پارٹی دفاتر بند رکھنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیر اعلی پنچاب شہباز شریف سے 24 گھنٹوں میں دوسری ملاقات کیجس تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ حکومت رائے ونڈ مارچ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالے گی ۔مسلم لیگ (ن)کی جانب سے پارٹی ورکرز کو کسی قسم کا جوابی رد عمل نہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ امن عامہ کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی اور تحریک انصاف کے جلسے کو خلل سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔جبکہ جلسے کے روز مسلم لیگ (ن)کے پارٹی دفاتر بند رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔