پیڈانے کسان تنظیموں کو اپنے ذمہ واجب الادا آبیانہ کی رقم فوری جمع کروانے کی ہدایت کر دی

جمعہ 7 اکتوبر 2016 14:30

فیصل آباد۔7 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔07 اکتوبر۔2016ء)پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) نے کسان تنظیموں کو اپنے ذمہ واجب الادا آبیانہ کی رقم فوری جمع کروانے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ نہری انتظام و انصرام کیلئے درکار فنڈز کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام واجبات اور آبیانہ کے بقایاجات فوری ادا کردیئے جائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

پیڈافیصل آباد کے ترجمان نے فیصل آباد کینال زون میں قائم کئے گئے لوئر چناب کینال (شرقی و غربی) ایریا واٹر بورڈز کی کسان تنظیموں کو مزید کہا کہ آبیانہ کی وصولی کسان تنظیموں کی اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے لہٰذا سانجھے نہری نظام کی بقاء کیلئے اس فرض کی ادائیگی میں غفلت نہ برتی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی و پیڈا کے افسران و فیلڈ عملہ آبیانہ کی وصولی اور ڈیفالٹرلسٹوں کی تیاری میں کسان تنظیموں کی معاونت کررہاہے تا کہ سرکاری واجبات کی سو فیصد وصولی ممکن ہو سکے۔

انہو ں نے کہا کہ ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے والے آئندہ اجلاس میں ڈیفالٹر لسٹوں کی روشنی میں آبیانہ وصولی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کسان تنظیمیں وفیلڈ عملہ موجودہ فصل کے آبیانہ کی سو فیصد وصولی کیلئے اقدامات تیز کرے اور آبپاشگان کے ذمہ بقایا جات کی وصولی کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ ریکوری کے مقررہ اہداف کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔