مونگ پھلی موسم خریف کی سب سے زیادہ آمدنی دینے والی فصلوں میں پہلے نمبر پر آگئی، زرعی ماہرین

جمعہ 7 اکتوبر 2016 14:31

فیصل آباد۔7 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔07 اکتوبر۔2016ء) ماہرین زراعت نے بتایا کہ مونگ پھلی موسم خریف کی سب سے زیادہ آمدنی دینے والی فصلوں میں پہلے نمبر پر آگئی ہے جبکہ بارانی علاقوں کی اہم نقد آور فصل مونگ پھلی کی اوسط پیداوار بھی 10من فی ایکڑ تک پہنچ گئی ہے تاہم منظورشدہ اقسام کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے کاشت کے باعث اس صلاحیت کو 40من فی ایکڑ تک پہنچایاجاسکتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ مونگ پھلی کی برداشت اس وقت کرنی چاہیے جب اس کی 75 سے 80فیصد تک پھلیاں پک کر چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے اور گری کا رنگ گلابی ہو جائے اسکی برداشت اگر ٹریکٹرڈِگر کی مدد سے کی جائے تو فصل کا ضیاع کم سے کم ہوتا ہے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے تاہم اگر ٹریکٹر ڈِگر دستیاب نہ ہو تو کسَی یا کسولہ کی مدد سے پودوں کو اکھاڑکر ان پودوں سے پھلیاں الگ کر لی جائیں اور زمین پربکھر جانے والی پھلیوں کو بھی جلد سے جلد اکٹھاکر لیا جائے تا کہ نمی کی وجہ سے اس کی رنگت متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پھلیوں کو خشک کرنے کیلئے کم از کم ایک ہفتہ کیلئے صاف اور سخت جگہ پر دھوپ میں بکھیر دیاجائے کیونکہ پھلیوں کو ڈھیریوں کی شکل میں رکھنے سے بھی ان کی رنگت متاثر ہوتی ہے نیز بارش، نمی اور شبنم وغیرہ سے پھلیوں کی حفاظت کی جائے کیونکہ ان کی وجہ سے کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مونگ پھلی کے زیر کاشت کل رقبہ کا 92فیصد پنجاب میں اورپنجاب میں زیر کاشت کل رقبہ کا 87فیصد راولپنڈی ڈویژن میں ہے ۔انہوں نے بتایاکہ مونگ پھلی کا غذائی استعمال انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہے کیونکہ اس کے بیج میں 44 سے 56فیصد تک اعلیٰ معیار کا خوردنی تیل اور 22سے30فیصد تک لحمیات پائے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :