محکمہ زراعت کا زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی شاندار فصل کی کاشت کیلئے فارمرز ڈیز کے انعقاد کا فیصلہ

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 14:57

فیصل آباد۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔08 اکتوبر۔2016ء)محکمہ زراعت نے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی شاندار فصل کی کاشت کیلئے فارمرز ڈیز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں کاشتکاروں کوجدید ٹیکنالوجی سے آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت پنجاب نے محکمہ زراعت کو گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدائت کی ہے اور کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران و اہلکاران کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر نے کی ترغیب دیں تاکہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ذرائع نے بتایا کہ وطن عزیز کی روز افزوں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر غذائی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی غذائی ضروریات میں خود کفیل ہو سکیں اور اضافی گندم برآمد کر کے ملک کو قیمتی زر مبادلہ کمانے کے قابل بھی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت کو تمام وسائل فراہم کر رہی ہے لہٰذا وہ بھی کاشتکاروں کو تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی غرض سے گاؤں اور تحصیل مراکز کی سطح پر فارمرز ڈیز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر مطلوبہ کھادوں کی دستیابی میں کمی کی کوئی شکائت ہو تو فوری طور پر متعلقہ ضلع کے ای ڈی او زراعت اور ڈی سی او سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔دریں اثناء محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے مشوروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان کو غذائی خود کفالت سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے۔