محکمہ زراعت کی میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

گندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ازحد ضروری ہے ٗ کاشتکار31اکتوبر تک مذکورہ کاشت مکمل کر لیں ٗ ترجمان

اتوار 9 اکتوبر 2016 14:29

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء)محکمہ زراعت کے ترجمان نے میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار31اکتوبر تک مذکورہ کاشت مکمل کر لیں تاکہ اس کی وقت مقررہ پر برداشت ممکن ہوسکے ۔انہوں نے بتایاکہ آلو پاکستان کی ایک اہم فصل ہے کیونکہ اس سے فی ایکڑ آمدنی اورغذائیت دوسری فصلوں سے زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آلو میں نشاستہ ، وٹامن ، معدنی نمکیات، لحمیات پائے جاتے ہیں اس لئے یہ ایک مکمل غذا بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اورگندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ازحد ضروری ہے جسے ساحل سمندر سے لیکرپہاڑو ں کی بلند چوٹیوں تک کاشت کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں آلو کی 3فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں میدانی علاقوں میں اس کی 2فصلیں موسم بہاروموسم خزاں اورپہاڑی علاقوں میں ایک فصل موسم گرما میں کاشت ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ آلوکی سفید اقسام میں ڈایامنٹ ، سانتے، بادشاہ، سلیمی ، میلوڈی ، چپس کیلئے استعمال ہونے والے آلو کی اقسام میں ہرمس ، سٹرنا، لیٹونا، سرخ اقسام میں ایسٹر یکس، کروڈا، برنا،سمپلی ریڈوغیرہ شامل ہیں۔