زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چائنہ کی فائوجئن ایگریکلچراینڈ فارسٹری یونیورسٹی (فافو)کے مابین تعلیمی و تحقیقی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

پیر 10 اکتوبر 2016 21:10

فیصل آباد ر۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چائنہ کی فائوجئن ایگریکلچراینڈ فارسٹری یونیورسٹی (فافو)کے مابین تعلیمی و تحقیقی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے بعد دونوں ادارے باہمی تعاون کوآگے بڑھانے کیلئے افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ تدریسی و تحقیقی سٹاف اور طلبہ کے باہمی تبادلوں کو فروغ دیں گے۔

سمجھوتے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں اورفافوچائنہ کے پریزیڈنٹ پروفیسرڈاکٹر لان سیرن نے ڈپٹی ڈائریکٹر آفس آف انٹرنیشنل کوآپریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر ایرک چن یویانگ ‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط پروفیسرڈاکٹر رشید احمد اور رجسٹرار چوہدری محمد حسین کی موجودگی میں دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے فائوجئن ایگریکلچر اینڈ فارسٹری یونیورسٹی (فافو)چائنہ کے مہمان وفد کو بتایا کہ یونیورسٹی چینی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون کو انتہائی متحرک انداز میں آگے بڑھا رہی ہے اور یونیورسٹی میں قائم کیا گیا کنفیوشس انسٹیٹیوٹ پوری دنیا میں قائم 500سے زائد انسٹی ٹیوٹس میں بہترین قرار دیا گیا ہے جو یونیورسٹی کی بین الاقوامی کامیابیوں کی بین دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے ہزاروں طلبہ اعلیٰ تعلیم کیلئے چینی اداروں میں زیرتعلیم ہیں جو دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے مابین گرمجوشی پر مبنی تعلقات کومزید توانائی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہرچندیونیورسٹی کے 30سے زائد اساتذہ چینی اداروں سے تعلیم یافتہ ہیں جبکہ ان دنوں بھی پی ایچ ڈی اور ماسٹرز پروگرام کیلئے درجن بھر نوجوان فافو میں زیرتعلیم ہیں تاہم دونوں اداروں کے درمیان سمجھوتے کے بعد ہر سال 10نوجوان کیلئے پی ایچ ڈی اور متعدد دوسرے پروگرامز میں سکالرشپ پر فافو چائنہ جانے کا باقاعدہ اہتمام ہورہا ہے جو دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔

چینی وفد نے وائس چانسلرڈاکٹر اقراراحمد خاں کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ ان کا ادارہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے طلبہ کیلئے فافو میں ایک سمسٹر پر مبنی انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کر سکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے پہلے مرحلے میں مشروم‘ ٹی پروڈکشن اور فارسٹری و پلانٹ پروٹیکشن کے جملہ اُمور میں تعاون کوآگے بڑھا سکتے ہیںجبکہ جوائنٹ ریسرچ پروپوزل و پیپر تحریر کرنے میں بھی ایک دوسرے کے پارٹنر بن کر قومی و بین الاقوامی سطح پر ڈونرایجنسیوں سے پرکشش منصوبے حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے معاہدے پر دستخط کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے تعاون کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر چینی وفد کے قائد ڈاکٹر چن یویانگ نے فافو کا اجمالی تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی بالعموم اور زرعی یونیورسٹی کے طلبہ بالخصوص بہترین تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور مثالی تعلیمی و تحقیقی ریکارڈ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں جس سے وہ بے حد متاثر ہیں۔ چینی وفد میں نائب ڈین ہارٹیکلچرکالج ژونگ لی‘ اوورسیزایجوکیشن کالج کی اسسٹنٹ ڈین مس روبی لین اور پلانٹ پروٹکش کالج کیوئی تائو نے بھی شامل تھیں۔

متعلقہ عنوان :