محکمہ تعلیم میں بیرونی مداخلت بندکرکے تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے کوششیں کی جائیں٬محمدیار بزنجو

جمعہ 14 اکتوبر 2016 20:28

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2016ء) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمدیار بزنجو٬قلات ڈویثرن کے صدر سجاد دہوارنے کہاہے کہ جی ٹی اے بلوچستان کے ڈیمانڈنوٹس پر حکومت سنجیدگی سے عملدرآمدکرے محکمہ تعلیم میں بیرونی مداخلت بندکرکے تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے کوششیں کی جائیںحکومت نے اگر رواں ماہ کے دوران اساتذہ کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو 4نومبر کو صوبائی درالحکومت کوئٹہ میں دمادم مست قلندر ہوگاجی ٹی اے اپنے مطالبات سے کسی صورت دستبرار نہیں ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ کے تاریخی شہر بیلہ میں اساتذہ کے ڈیمانڈنوٹس کے حوالے سے منعقدہ ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن اپنے پسماندہ صوبے کو پڑھالکھا اور ترقی یافتہ صوبہ دیکھنا چاہتی ہے لیکن بیوروکریسی اور حکومت اساتذہ کو مختلف مسائل میں الجھا کر صوبے سے تعلیم کو تباہ کرنے کی سازش کررہی ہے اساتذہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی اسکول کی چھت٬درسی کتب کی عدم فراہمی اور معیاری تعلیم کیلئے جدوجہدکررہی ہے حالانکہ حکومت کو خود ان پر عملدرآمد کرنا چاہیے کیونکہ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان میں تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے ازخود اقدامات کرنے لازم ہیں انہوںنے کہا کہ ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے یکساں تعلیمی نظام رائج کیا جائے طبقاتی نظام تعلیم اور اساتذہ کو مسائل میں الجھاکر ایک سازش کے تحت بلوچستان میں تعلیم کو تباہی کے دہانے پر لاکرکھڑا کردیاگیاہے حکومت اور بیوروکریسی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اساتذہ کو ذہنی اضطراب میں مبتلاکرکے صوبے کو پیچھے دھکیلاجارہاہے لیکن گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگی حکومت کو چاہیے کہ سول انتظامیہ اور پٹواریوں سے اساتذہ کی نگرانی کرانے کی بجائے محکمہ تعلیم کو ایک آزاد اور خود مختار اداہ بنائے میرٹ کو اولیت دیکر معیاری تعلیم کی بہتری کیلئے کوشش کرے لیکن بیوروکریسی اور حکومت ان چیزوں پر عملدرآمدکرنے کی بجائے اساتذہ کو مختلف مسائل میں الجھاکررکھنا چاہتی ہے انہوں نے مزید کہاکہ حکومت جی ٹی اے کے ڈیمانڈنوٹس پر اسی ماہ کے اندر عملدرآمدکو یقینی بنائے بصورت دیگر 4نومبر کو گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان بھر کے اساتذہ کے ساتھ ملکر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں تاریخی احتجاج کرے گی اگر اس دوران حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار صوبائی حکومت ہوگی احتجاجی جلسے سے جی ٹی اے لسبیلہ کے چیئرمین عبدالواحدسومرو٬ضلعی صدر احمد خان رونجھو٬تحصیل اوتھل کے صدر پیر غلام شاہ جیلانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :