یوم مزدور منانے کا مقصد شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ، ملکی معیشت میں اس طبقے کا کردار ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، نواب ثنااللہ زہری

بدھ 1 مئی 2024 13:52

یوم مزدور  منانے کا مقصد  شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ، ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم مزدور (یکم مئی )کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کو یاد کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں مزدوروں کا کردار ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،اسلام نے تمام طبقات کے حقوق متعین کئے ہیں ، مزدور کے حقوق کے حوالے سے اسلام میں کہا گیا ہے کہ اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کر دی جائے، آنحضرت ﷺ کی طرف سے مزدوروں کے حق میں اہل دنیا کے لئے یہ ایک اہم پیغام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی مختلف طبقات مزدوروں کے ساتھ ظلم کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

نواب ثنااللہ زہری نے کہا کہ انسانی تاریخ میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن یکم مئی ہے، 1886ءمیں شکاگو میں سرمایہ دار طبقے کے خلاف اٹھنے والی آواز اور اپنا پسینہ بہانے والی طاقت کو خون میں نہلا دیا گیا مگر ان جاں نثاروں کی قربانیوں نے محنت کشوں کی توانائیوں کو بھرپور کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن کار خانوں، کھیتوں، کھلیانوں، کانوں اور دیگر شعبوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے اور یہ محنت کش انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم عالمی یوم مزدور کے موقع پر شکاگو کے ان محنت کشوں کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ،مزدور دنیا کے کسی بھی خطے سے تعلق ہو قابل قدر ہے۔\932