تاجر وفد کی سکھرچیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر سے ملاقات

جمعہ 21 اکتوبر 2016 22:52

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے سکھر چیمبر آف کامرس کے نومنتخب صدر اقبال آرائیں سے ان کے دفتر میں ملاقات کر کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق وفد میں حاجی عبدالستار راجپوت٬ شریف ڈاڈا٬ عبدالقادر شیوانی٬ منیر میمن و دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر سکھر چیمبر آف کامرس کے محمد دین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سکھر چیمبر آف کامرس کے صدر اقبال آرائیں اور سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے محکمہ سیپکو٬ نساسک٬ سوئی گیس٬ تعلیم صحت سمیت دیگر بڑھتے ہوئے مسائل کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرینگے٬ سکھر ہمارا اپنا شہر ہے اور سکھر کے شہرکی فلاح و بہبود کیلئے سب کو مل کر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر اور تجارتی لحاظ سے دوسرا بڑا تجارتی مرکز ہے٬ یہاں پر سندھ ٬ بلوچستان کے افراد خریداری کیلئے آتے ہیں ٬ اس کے باوجود سکھر شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے گئے٬ ان کا کہنا تھا کہ سکھر شہر کی بہتری اور شہریوں٬ تاجروں کو درپیش مسائل کے خاتمے اور صنعت و تجارت ٬ کاروبار کے فروغ کیلئے سکھر چیمبر آف کامرس اور سکھر اسمال ٹریڈرز مل کر اقدامات اٹھائینگے۔