پھولوں کی کاشت کو فروغ دے کر کثیر منافع کمایا جاسکتا ہے٬ محکمہ زراعت

زیادہ منافع کمانے کیلئے سفید پھولوں والی اقسام کو کاشت کیاجائے ٬ترجمان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے کہا ہے کہ دنیا میں کٹ فلاور کا کاروبارتیزی سے ترقی کررہاہے ٬پھولوں کی کاشت کو فروغ دیکر کثیر منافع کمایا جاسکتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ پنجاب میں 1200 ایکڑرقبہ پرگلگلائل (گلیڈی اولس) کی کاشت کی جاتی ہے اور یومیہ بنیادوں پر گل گلائل کے 2 سے 3 لاکھ پھول منڈیوں میں فروخت کیلئے لائے جاتے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ رقبے اور پیداوار کے لحاظ سے تراشیدہ پھولوں میں گلیڈی اولس پنجاب میں دوسرے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

اس کے پھولوں کو زیادہ تر گلدستے بنانے اور مختلف قسم کی تقریبات میں سجاوٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں اس کی مانگ میں اضافہ ہو رہاہے ۔پنجاب میں گلیڈی اولس کی کاشت کا موزوں وقت نومبر تک ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں گلیڈی اولس کی کاشت کیلئے موزوں اقسام ایمسٹرڈیم (سفید)٬ وائٹ پراسپیرٹی (سفید) وائٹ فرینڈشپ (سفید)٬ روز سپریم (پنک)٬ ایڈوانس ریڈ (سرخ)٬ اسینشل (سفید) ہیں۔سفید پھولوں والی اقسام کی مارکیٹ میں زیادہ طلب ہے کیونکہ ان کو کوئی اور رنگ بھی دیا جاسکتا ہے۔ اس لئے زیادہ منافع کمانے کے لیے سفید پھولوں والی اقسام کو کاشت کیاجائے ۔