پیاز کی نرسری کی کاشت نومبر کے آخر تک مکمل کی جائے٬ سجاد حیدر

منگل 1 نومبر 2016 17:14

راولپنڈی ۔ یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2016ء) پیاز کی کاشت کیلئے معتدل اور خشک موسم بہت موزوں ہے۔ اس کی پنیری کی کاشت آخر نومبر تک مکمل کر لینی چاہیے۔ یہ بات سجاد حیدر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت٬ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راولپنڈی نے ضلع اٹک کے مختلف مواضعات کے دورہ کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر پیاز کاشت کرنے کے لئے 4 سے 5 مرلہ زمین پر 3 کلوگرام بیج لگانے سے مطلوبہ نرسری حاصل کی جا سکتی ے۔

پنیری کی کاشت کے لئے چھوٹی چھوٹی مستطیل نما کیاریاں بنائی جائیں اور ان کیاریوں میں 4-3 انچ کے فاصلہ پر ایک انچ گہری لائنیں لگا کر بیج کاشت کیا جائے۔ بیج بونے کے بعد سرکنڈہ یا پرالی سے ڈھانپ دیا جائے اور فوارے سے آبپاشی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیاز کی سفارش کردہ اقسام پھلکارہ اور ڈارک ریڈ اچھی پیداوار کی حامل ہیں اور ان کی سٹوریج کوالٹی بھی بہتر ہے۔