کاشتکاروں کو گندم میں سرسوںو کینولہ کی کاشت اور کھادوں کے متناسب استعمال کی ہدایت

جمعہ 4 نومبر 2016 13:25

فیصل آباد۔4نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء)محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو گندم میں سرسوںو کینولہ کی کاشت اور کھادوں کے متناسب استعمال سے سست تیلے کا تدارک یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چونکہ گندم کی فصل پر سست تیلے کاحملہ بڑھ رہاہے جو پیداوار متاثر کرنے کابھی باعث ہے لہٰذا اس کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے نیزگندم کی فصل پر کیڑے کا تدارک اس لیے مشکل ہے کہ گندم پر کیڑے کے خلاف زہر کے سپرے کی سفارش نہیں کی جاتی کیونکہ اس کے بہت برے اثرات ہیں جن میں ماحول کا آلودہ ہونا ٬صحت کے مسائل اور مفید کیڑوں کا ختم ہونا شامل ہے۔

ترجمان نے بتایاکہ کھیتوں میں قدرتی طور پر پائے جانے والے فائدہ مند کیڑے سست تیلے کوکھا کر ختم کر دیتے ہیںلیکن اس میں فائدہ مند کیڑوں کے دیر سے پیدا ہونے کی وجہ سے سست تیلے سے فصل کو کافی نقصان ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اڈیپتو فارمز پر کئی سال تجربات کرنے کے بعد سست تیلے کو کنٹرول کرنے کی بہت ہی سادہ اور قابل عمل حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے جس پر کوئی خرچ نہیں آتااور اس طریقہ میں گندم میں 100فٹ کے فاصلہ پرسرسوںو کنولہ کی دو لائنیںکاشت کر کے سست تیلے کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

انہوںنے مزید بتایا کہ سرسوں وکینولہ کے پودوں پر گندم کے پودوں سے پہلے سست تیلہ حملہ آور ہوتا ہے اس طرح فائدہ مند کیڑے بھی اس پر پہلے پیدا ہوتے ہیںجس وقت گندم پر سست تیلے کا حملہ شروع ہوتا ہے اس وقت تک فائدہ مند کیڑوں کی تعدادکنولہ کے پودوں پر بہت زیادہ ہو جاتی ہے یہ فوراًً گندم کی فصل پر منتقل ہو جاتے ہیں اور چند ہی دنوںمیںگندم کے سست تیلے کو کھا کر کنٹرول کر لیتے ہیں۔