گندم کی پچھیتی کاشت 15دسمبر تک ہر صورت مکمل کر لینی چاہیے،زرعی ماہرین

جمعہ 25 نومبر 2016 16:18

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی بروقت کاشت کو یقینی بنانا کاشتکاروں ، کسانوں اور زمینداروں کے بہترین مفاد میں ہوتا ہے کیونکہ پنجاب کے آبپاش علاقوں میںماہ نومبر میں کاشت کی صورت میں بہترین فصل اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن ہوتا ہے جبکہ اگرنومبر کے بعد فصل کا شت کی جائے تو ہر روز تقریباً ایک فیصد کے حساب سے فی ایکڑ پیداوار میں 12سے 15کلو گرام تک کمی رونما ہو جاتی ہے جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

زرعی ماہرین نے بتا یا کہ گندم کی پچھیتی کاشت 15دسمبر تک ہر صورت مکمل کرلینی چاہیے اور اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ بیج کے اگائو کی شرح 80فیصد سے کم نہ ہو ۔ انہوں نے بتا یا کہ آبپاش علاقوں کیلئے گندم کی اگیتی کاشت کیلئے محکمہ زراعت نے سحر 2006،شفق 2006، این اے آر سی ، پاسبان 90، گلیکسی 2013 ،افق 2002وغیرہ جبکہ درمیانی اور پچھیتی کاشت کیلئے معراج 2008، آس 2011،فرید 2006، منٹھار 2003، عقاب 2000اور پنجند ون وغیرہ کو بہترین قرار دیا ہے۔