پھلیوں کارنگ سیاہ ہونے سے مونگ پھلی کے معیار پر اثر پڑ سکتاہے، ماہرین زراعت

جمعہ 25 نومبر 2016 16:18

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکار پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ اور گری کا رنگ گلابی ہونے پر فوری مونگ پھلی کی برداشت شروع کردیں جبکہ تاخیر سے برداشت کے نتیجہ میں پھلیوں کارنگ سیاہ ہونے سے مونگ پھلی کے معیار پر اثر پڑ سکتاہے۔ایک ملاقا ت کے دوران انہوںنے بتایاکہ مونگ پھلی کی برداشت کا عمل شروع کرنے کیلئے موزوں وقت کا انتخاب بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اگیتی برداشت کی صورت میں کچی پھلیوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو کہ پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں جبکہ تاخیر سے برداشت کے نتیجہ میں پھلیوں کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے جس سے مونگ پھلی کے معیار پر برا اثر پڑتا ہے اور منڈی میں قیمت بھی کم ملتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ زیادہ تعداد میں پھلیاں زمین میں ہی رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مونگ پھلی کی جدید اقسام تقریباً 6 ماہ میں پک کر تیار ہو جاتی ہیںلہٰذا جب فصل کے پتے خشک ہو کر گرنا شروع ہو جائیں تو کھیت کے مختلف حصوں سے پودے اکھاڑ کر دیکھ لیںاور اگر پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ کا اور گری کا رنگ گلابی ہو جائے تو فصل پکی ہوئی تصور کی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ اگر 75 سے 80 فیصد تک پھلیاں پکی ہوئی ہوں تو فصل برداشت کیلئے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مونگ پھلی کی برداشت اگر ٹریکٹر ڈگر کی مدد سے کی جائے تو فصل کا ضیاع کم سے کم ہوتا ہے اور پیداوار میں بھی خاظر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔