نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نئی انتطامیہ کی دو اہم پوزیشنز پر تعیناتی کا فیصلہ

سٹیفن میوچن وزیر خزانہ اور ولبور راس وزیر تجارت ہونگے صدارت پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کیلئے اپنا کاروبار مکمل طور پر چھوڑ دوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 30 نومبر 2016 22:53

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نئی انتطامیہ کی دو اہم پوزیشنز پر ..
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی انتطامیہ کی دو اہم پوزیشنز پر تعیناتی کا فیصلہ کرلیا ہے، سٹیفن میوچن امریکہ کے نئے وزیر خزانہ جبکہ ولبور راس وزیر تجارت ہونگے، 53 سالہ سٹیفن میوچن اس سال اپریل میں ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے فنانشل ڈائریکٹر بن گئے تھے۔دریں اثناء امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے اور صدارت پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کیلئے اپنا کاروبار مکمل طور پر چھوڑ رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل یہ تشویش مسترد کرچکے ہیں کہ ان کے کاروبار اور صدارت کے درمیان مفادات کا ممکنہ ٹکراؤ پیدا ہوسکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں15دسمبر کو نیویارک میں اپنے بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کروں گا جس میں اعلان کیا جائے گا کہ میں ملک چلانے پر توجہ مرکوز کرنے اور اسے دوبارہ عظیم بنانے کی خاطر اپنا کاروبار مکمل طور پر چھوڑ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اگرچہ قانون ایسی کوئی شرط عائد نہیںکرتا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ ظاہری طور پر بہت ضروری ہے، حالانکہ بطورِ صدر میرے مختلف کاروباروں کے دوران مفادات کا کسی قسم کا تصادم نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ 20جنوری کو امریکہ کی صدارت سنبھالیں گے۔نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل صحت اور ٹرانسپورٹ کے وزراء کا فیصلہ کرچکے ہیں جبکہ یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے کہ امریکہ کا آئندہ وزیر خارجہ کون ہوگا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صحت اور انسانی خدمات کی وزارت کیلئے ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس ٹام پرائس کا پہلے ہی انتخاب کیا ہے۔ چھ بار رکن کانگریس بننے والے ٹام پرائس آرتھوپیڈک سرجن ہیں۔ ٹام پرائس کی وزیر صحت کے طور پر نامزدگی کو امریکی سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی۔ امریکہ کے وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے کیلئے سا بق صدر جارج ڈبلیو بش کی لیبر سیکرٹری ایلین چاؤ کی نامزدگی کا فیصلہ بھی پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :