امریکی میڈیا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم نواز شریف کے مابین ٹیلی فونک رابطے کے چرچے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 1 دسمبر 2016 11:55

امریکی میڈیا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم نواز شریف کے مابین ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم دسمبر 2016ء) : امریکی میڈیا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے مابین ہوئے ٹیلی فونک رابطے کے چرچے ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار میں پاکستانی حکومت کی جانب سے دونوں رہنماؤں کے مابین ہوئی ٹیلی فونک گفتگو پر مبنی جاری ایک پریس ریلیز کا تمسخر اُڑایا جا رہا ہے۔

غیر ملکی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کبھی پاکستان نہیں آئے اور نہ ہی کبھی ان کی ملاقات نواز شریف سے ہوئی لیکن اس کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جانتےہیں کہ وہ کتنے لاجواب شخص اور اچھی شہرت رکھنے والی شخصیت ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہی نہیں ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستانی رہنما کے ساتھ ایک ایسا رابطہ محسوس ہوا کہ انہوں نے جلد پاکستان جانے کی حامی بھرنے کے ساتھ ساتھ یہ محسوس کیا کہ وہ ایک ایسے شخص سے بات کر رہے ہیں جسے وہ کافی عرصہ سے جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کبھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور تو اور امریکی صدارتی انتخابات کے دوران اپنی چلائی گئی مہم میں انہوں نے مسلمانوں کو خطرہ بھی قرار دیا تھا۔ اس کے باوجود ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی سب سے ذہین قوم ہے اور پاکستان میں مختلف زبردست مواقع بھی موجود ہیں۔ غیر ملکی اخبار کی اس رپورٹ میں کہا گیا کہ کسی بھی نومنتخب صدر کے لیے دنیا بھر سے آنے والی کالز وصول کرنا آسان نہیں ہوتا۔

اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ہوئی ٹیلی فونک گفتگو کی پریس ریلیز جاری کی گئی ، جس میں کہا گیا کہ نواز شریف نے امریکی صدر منتخب ہونے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی جس پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایک بہترین ملک اور بہترین قوم سے مل کر خوشی محسوس کریں گے، جو اگر واقعی سچ ہے تو دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی گفتگو قابل ذکر ہے۔

یہی نہیں یہ گفت و شنید خوبصورت بھائی چارے کو بھی تشکیل دے سکتی ہے۔ دوسری جانب امریکی میڈیا نے وزیر اعظم ہاؤس پاکستان سے جاری گفتگو کی تفصیلات کو انوکھا قرار دیا ہے۔ امریکی میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ اور نواز شریف کے مابین ٹیلی فونک رابطے پر فوری رد عمل نہیں تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان سے متعلق خیر سگالی الفاظ پر امریکی میڈیا حیرت کے سمندر میں ڈوب گیا ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے غیر معمولی طور پر شاندار اور لاجواب الفاظ کا استعمال کیا۔ خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز بیانات دئے تھے جس کے بعد ان کی اس طرح کی گفتگو امریکی میڈیا سمیت غیر ملکی میڈیا کے لیے خاصی حیران کُن ہے اور چند غیر ملکی میڈیا چینلز نے دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کا تمسخر بھی اڑایا۔