وزارت داخلہ کی شکایت پر ایف آئی اے نے بغیر این او سی گاڑیوں کو بلٹ پروف کرنے والی کمپنی کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کر لیا

نجی کمپنی نے 92 گاڑیوں کو بلٹ پروف کر کے جعلی این او سی فراہم کئے ‘ بلٹ پروف کی کئی گاڑیوں کوتحویل میں لینے کا عمل شروع

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) وزارت داخلہ کی شکایت پر ایف آئی اے نے بغیر این او سی گاڑیوں کو بلٹ پروف کرنے والی کمپنی کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ نجی کمپنی نے 92 گاڑیوں کو بلٹ پروف کر کے انہیں جعلی این او سی بھی فراہم کئے ‘ بلٹ پروف کی گئی گاڑیوں کو قبضے میں لینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد مظہر کاکا خیل کے مطابق وزارت داخلہ نے کراچی کی ایک نجی کمپنی کے خلاف بغیر این او سی گاڑیوں کو بلٹ پروف کرنے کی شکایت کی تھی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی شکایت پر انکوائری کے دوران ثابت ہوا کہ نجی کمپنی نے جعل سازی کے ذریعے این او سی حاصل کیا اور مجموعی طور پر 92 گاڑیوں کو بلٹ پروف کیا اور ان گاڑیوں کو نہ صرف بلٹ پروف بنایا بلکہ ان کے مالکان کو جعلی این او سی لیٹرز بھی جاری کئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق نجی کمپنی کے مالک خرم ہمرانی کیخلاف مقدمہ درج کر کے بلٹ پروف کی گئی گاڑیوں کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دئیے ہیں۔ جعلی این او فراہم کرنے میں ملوث وزارت داخلہ کے اہلکاروں کا بھی جلد سراغ لگا لیا جائیگا۔ …(رانا+آ چ)