ٹماٹر ، مرچ ، بینگن ، کھیرے ، چپن کدو کو کورے سے بچانے کیلئے سرکنڈے سے ڈھانپنے کی ہدایت

منگل 13 دسمبر 2016 13:41

فیصل آباد۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)ماہرین ایوب ریسرچ نے کاشتکاروں کو ٹماٹر ، مرچ ، بینگن ، کھیرے ، چپن کدو کو کورے سے بچانے کیلئے سرکنڈے یا پرالی سے ڈھانپنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ سبزیات کی کامیاب اور نفع بخش کاشت کا انحصار ان کی مناسب دیکھ بھال پر ہے کیونکہ سخت سردی،دھند ، کورے سے موسم سرما کی کاشتہ سبزیات متاثر ہوتی ہیں لہٰذا ان کو موسمی اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے جس کیلئے کاشتکار ٹماٹر ، مرچ ، بینگن،کھیرا اور چپن کدو کو کورے سے بچانے کیلئے سرکنڈا یا پرالی سے ڈھانپیں ۔

انہوں نے بتایاکہ کورے کے عمل کے دوران زمین کے قریب کی ہوا ٹھنڈی ہوجاتی ہے اورچونکہ ٹھنڈی ہوا گرم ہوا کی نسبت بھاری ہوتی ہے اس لئے وہ زمین کی سطح کے قریب رہتی ہے اور رات کو یہ ہوا کورے یا کہر کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جب رات کو کورا سبزیوں کے پتوں پر پڑتا ہے تو ٹھنڈک کی وجہ سے پتوں کا پانی جمنے کے باعث پھیل جاتا ہے جس سے پتوں کے خلیے ٹوٹ جاتے اور بعد میں نئی کونپلیں اور پتے خشک ہوجاتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ سبزیوں کے کاشتکارکورا پڑنے کے امکانات کا جائزہ لیں اور آخر دسمبر تا وسط فروری کم سے کم درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے کھیتوں میں مخصوص جگہوں پر تھرما میٹر لگائیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر درجہ حرارت 0.5ڈگری تک گر جائے تو کورا پڑنے کی توقع کی جاسکتی ہے لہٰذاکاشتکارکورے کی راتوں میں کھیتوں کی ہلکی آبپاشی کریں کیونکہ اس عمل سے سبزیوں کے پودوں کو کورے کے اثر سے بچایا جاسکتا ہے۔