کاشتکارمنظور شدہ زرعی ادویات کا بروقت سپرے کرکے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں،ماہرین زراعت

بدھ 14 دسمبر 2016 14:24

فیصل آباد۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ جب تک کسانوںمیں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا نیز کاشتکار گندم کو سخت سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات کریں کیونکہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائیگی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔

انہوں نے ملک بھر کے کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دھند یا بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کریں تاکہ اس کا اثر زائل ہو نے سے بچانے سمیت مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے نیز کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں کیڑے مار ادویات کا اہم کردار ہے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کیلئے موجود ہے۔ انہوںنے کہاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکار کورا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کی فصل کی ہلکی آبپاشی کریں ۔انہوںنے کہاکہ کور ا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کے کھیتوں کے کنارے مختلف جگہوں پر اگر گڑھے کھود کر ان میں بھوسہ وغیرہ بھر دیں اور اسے آگ لگا کر اوپر کوئی چیزرکھ دیں تو اس سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فصل کورے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ شدید کورے کی صورت میں کاشتکار 2کلوگرام یوریا فی ایکڑ 100لیٹر پانی میں ملا کر بھی سپرے کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتاہے۔