محکمہ زراعت نے مکئی کے کاشتکاروں کو مقررہ قیمت دلانے کے لیے لائحہ عمل طے کر لیا

بدھ 14 دسمبر 2016 16:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے مکئی کے کاشتکاروں کو مقررہ قیمت دلانے کے لیے لائحہ عمل طے کر لیا ۔اس حوالے سے ای ڈی او زراعت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکئی کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں اور انہیں مقررہ نرخ کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کریں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر غضنفر علی خاں کی زیر صدارت گذشتہ روز اہم اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران اور کسانوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر علی خاں نے کہا کہ مکئی کی قیمت ِ فروخت پر گہری نظر رکھی جائے تاکہ کسانوں کا استحصال نہ ہو۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ مکئی کو خشک کرنے کے بعد مارکیٹ میں لائیں تاکہ انہیں اپنی پیداوار کا بہتر معاوضہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ کسان بہت محنت اور لگن سے فصل اُگاتا ہے ، اس لیے اسے اس کی محنت کا پھل ضرور ملنا چاہیے ۔کسان کی خوشحالی میں ہی ملک کی خوشحالی کا راز پوشیدہ ہے ۔