سفید مکھی کی افزائش نسل کے تدارک کیلئے کاشتکاروں کو سبزیوں کی باقیات تلف کرنے کی ہدایت

ہفتہ 17 دسمبر 2016 20:26

فیصل آباد۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء)محکمہ زراعت نے کاشتکار وں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بہاریہ فصلات اور سبزیوں کی باقیات برداشت کے بعد فوری تلف کردیں کیونکہ ان باقیات کی موجودگی میں سفید مکھی پیداہونے اور کپاس سمیت دیگر فصلات پر حملہ آور ہونے کا شدید خدشہ رہتاہے جس سے مذکورہ فصلات کو سخت نقصان پہنچنے کااحتمال بھی ہوتاہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ کرنے سے گریز کیاجائے تاکہ بعد ازاں کاشتکاروں کو کسی مشکل یا پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کپاس کے کاشتکاروں کو بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کے تدارک پر توجہ مرکوزرکھنی چاہیے کیونکہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے اس لیے کاشتکار حفاظتی اقدامات کے تحت بہاریہ فصلات اور سبزیوں کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کر دیں۔انہوںنے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بھنڈی توری ، بینگن اور جوار کاشت نہ کریں اور کھیتوں و کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔