عربی زبان کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے،فاطمہ زینب

لیکن پاکستان میں یہ زبان تاحال مناسب توجہ سے محروم ہے،جامعہ کراچی عربی انچارج

پیر 19 دسمبر 2016 22:50

عربی زبان کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے،فاطمہ زینب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2016ء) جامعہ کراچی کے شعبہ عربی کی انچارج فاطمہ زینب نے کہا کہ یہ ریاست کے فرائض میں یہ شامل ہے کہ ریاست مسلمانان پاکستان کے لئے اسلامیات اور تعلیم قرآن کو لازمی قراردے اور عربی زبان کی تعلیم وتدریس کے فروغ اور اشاعت کے لئے مثبت کردار اداکریں۔بحیثیت مسلمان عربی زبان کے فروغ کے لئے کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،عربی زبان کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے لیکن پاکستان میں یہ زبان تاحال مناسب توجہ سے محروم ہے۔

پاکستان کے آئین کے مطابق یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عربی زبان کے فروغ پر توجہ دے۔1973 ء کے آئین کے باب دوم کے آرٹیکل نمبر31 شق02 میں اس کا واضح طور پر ذکر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ عربی کے زیر اہتمام عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ،دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں چینی، انگریزی وغیرہ کے بعد عربی زبان کا پانچواں نمبرہے۔

عربی زبان دنیا کی متعدد زبانوں پر براہ راست یا بالواسطہ طور پر اثر اندازہوئی ہے۔ان زبانوں میں ترکی،فارسی ،کرد،اُردو،ملیشیائی،انڈونیشی اور البانوی کے علاوہ افریقا میں ہائوسااور سواحلی جبکہ یورپ میں انگریزی،پرتگالی اور ہسپانوی شامل ہیں۔ گذشتہ 10 برسوں کے دوران انٹرنیٹ پر استعمال ہونے والی زبانوں میں عربی زبان نے سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کی ہے۔واضح رہے کہ فروری 2010 ء کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو نے انسانی تہذیب اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے میں عربی زبان کے اہم کردارکو تسلیم کرتے ہوئی18 دسمبر کو اس زبان کا عالمی دن قراردیا۔اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے 18 دسمبر 2012 ء کو پہلی مرتبہ عربی زبان کا عالمی دن منایا گیا

متعلقہ عنوان :