خیر پور،149 بند سکولوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ،184 اساتذ ہ مزید بھرتی

ہفتہ 7 جنوری 2017 16:34

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد سلیم راجپوت نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کو موثر بنانے کے لیے سخت ہدایات دیتے ہوئے فوری طور پر بند اسکولوں کو کھلوانے ، اسکولوں میں اساتذہ کی ضرورت کے مطابق تعیناتی اور اسکولوں کے سیمیزکوڈ حاصل کرنے کا حکم تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے خیرپور ضلع کے 149 بند اسکولوں کو کھلوایا گیا ہے جبکہ 184 اساتذہ کو مطلوبہ اسکولوں میں تعینات کیا گیا اس کے علاوہ دیگر 46اساتذہ کو مختلف اسکولوں میں مقررہ پوسٹنگ آرڈر جاری کیے گئے ہیں اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری لیاقت علی خاصخیلی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے اور صوبائی وزیر سردار جام مہتاب حسین ڈہر کے حکم کے تحت ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد سلیم راجپوت کی نگرانی میں خیرپور، کوٹ ڈیجی، صوبھودیر،کنگری، گمبٹ ،نارا، ٹھر میرواہ، فیض گنج میں 149میل ، فی میل اسکولوں کو کھلوایا گیا ہے اور184 اساتذہ کو مطلوبہ اسکولوں میں تعینات کرنے کے آرڈر جاری کیے گئے ہیں جبکہ سکھر آئی بی اے، سندھ یونیورسٹی اور این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے دیگر 46 اساتذہ کو مقرر کیاگیا ہے جبکہ ڈی سی خیرپور کے حکم کے تحت محکمہ تعلیم کراچی سے آٹھوں تعلقوں کے 77 مختلف اسکولوں کے سیمیز کوڈ بھی حاصل کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ سیمیز کوڈ کے علاوہ کوئی بھی اسکول فعال نہیں ہوسکتا انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد راجپوت کے حکم پر گوٹھ رسول بخش جتوئی پرائمری اسکول میں استاد ہادی بخش ڈوگر کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ نور محمد جتوئی پرائمری اسکول میں استاد محمد صالح جتوئی کو مقرر کرنے کے آرڈر جاری کیے گئے ہیں ، ڈی او ایجوکیشن لیاقت علی خاصخیلی نے مزیدبتایا کہ ضلع خیرپور کے خیرپور ، نارا، ٹھری میرواہ ، فیض گنج تعلقوں میں محکمہ تعلیم اور جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی کے مشترکا تعاون سے 9گرلز پرائمری اسکول کا تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ محکمہ تعلیم اور ایس ای آر پی کے مشترکا تعاون سے دیگر 24 اسکولوں کو بھی تعمیر کیاجائے گا انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبائی وزیر تعلیم اور ڈپٹی کمشنر خیرپور کے حکم کے تحت انتہائی زبوں حال 120اسکولوں میں مرمتی کام کا آغاز ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مکمل تفصیلات اور بریفنگ نوٹ مرتب کیا گیا ہے اور ڈی سی خیرپور کو تمام تر تفصیلات سے آگاہی دی جائے گی واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم سردار جام مہتاب حسین ڈہر نے ڈی سی آفس خیرپور میں محکمہ تعلیم اور منتخب نمائندوں کے ساتھ تعلیم کی بہتری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا تھا جس میں بند اسکولوں کو کھلوانے ،زبوں حال اسکولوں کی مرمت اورتمام کاموں کی نگرانی کے لیے اعلیٰ افسران کو مقرر کرنے کے احکامات دئیے تھے