ایران کا فلمی وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، ایرانی فلموں کا فیسٹیول بھی منعقد کیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد رضا باقری

پیر 9 جنوری 2017 23:07

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) پاکستان اور ایران ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی حوالے سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، پاکستان میں ایرانی فلموں کی نمائش کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، امید ہے کہ اس حوالے سے ایک اچھا ماحول میسر آئے گا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات کراچی میں ایرانی ثقافتی مرکز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد رضا باقری نے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے فلم ٹریڈ کی شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایرانی ثقافتی مرکز کے رابطہ کار نجم الدین موسوی، فلم ٹریڈکی نمایاں شخصیت ندیم مانڈوی والا، ذوالفقار رمزی، منصور خالد، آئی ایم جی سی کی مس سبین سکندر اقبال وغیرہ کے علاوہ فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، صدر عبدالوسیع قریشی، سیکریٹری جنرل پرویز مظہر، ذیشان صدیقی، مرزا افتخار بیگ، آغا کرم علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد باقری نے بتایا کہ ایران کا ایک اعلی سطح کا فلمی وفد آئندہ ماہ پاکستان کے دورے پر آرہا ہے، اس موقع پر یہاں ایرانی فلموں کا فیسٹیول بھی منعقد کیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد رضا باقری نے مزید کہا کہ ایرانی فلمیں اپنے موضوعات اور تکنیک کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا رہی ہیں، پاکستان میں ایرانی فلموں کی نمائش کے حوالے سے ہمیں اچھی امیدیں وابستہ ہیں۔

پاکستان کے معروف فلم پروڈیوسر اور سینما اونر ندیم مانڈی والا نے کہا کہ یہ ایک اچھی کوشش ہے، برادر اسلامی ملک کی فلموں کے حوالے سے ہم ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہیں اور ایرانی فلمی وفد کو بھی یہاں بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ ذوالفقار رمزی نے کہا کہ پاکستان میں ایرانی فلموں کی نمائش کے حوالے سے یہ ایک اچھا اقدام ہے جس کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔ اطہر جاوید صوفی نے کہا کہ ایرانی فلمی وفد کی آمد سے پہلے میڈیا اور فلم ٹریڈ کو اس کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں تو زیادہ آسانی ہوسکتی ہے۔ آخر میں نجم الدین موسوی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :