خضدار ، بم دھماکے میں پریس کلب خضدار کے صدر جاں بحق ،9افراد زخمی

ریمورٹ کنٹرول بم سے پریس کلب خضدار کے صدر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا،دھماکے سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 3 مئی 2024 14:25

خضدار ، بم دھماکے میں پریس کلب خضدار کے صدر جاں بحق ،9افراد زخمی
خضدار(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی 2024 ء) خضدار کے علاقے چمروک کے مقام پر بم دھماکے میں پریس کلب خضدار کے صدر محمد صدیق مینگل جاں بحق جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے ،دھماکے سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا،تفصیلات کے مطابق خضدار میں قومی شاہراہ پر سلطان ابراہیم روڈ پر ریمورٹ کنٹرول بم سے پریس کلب خضدار کے صدر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے میں مقامی صحافی اورخضدار پریس کلب کے صدر زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور جاں بحق شخص کی نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراوٴ کرلیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق محمد صدیق مینگل اپنے گھر سے یونیورسٹی جارہے تھے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیاگیا ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی خضدار میں عمرفاروق چوک کے قریب بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق بم موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل تھے۔

اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچی، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا تھا۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خضدار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا سے اظہار افسوس کیاتھا اور ورثاءسے اظہار افسوس کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ اس صدمے کی گھڑی میں ہم ورثاءکے ساتھ دلی رنج کااظہار کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے، دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے۔