دہشت گردی کا خطرہ، غازی سبزی منڈی کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا گیا

منگل 28 فروری 2017 16:04

دہشت گردی کا خطرہ، غازی سبزی منڈی کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا ..
تربیلا غازی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 فروری2017ء) دہشت گردی کا خطرہ، غازی سبزی منڈی کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا گیا۔ سیکورٹی کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر غازی کی جانب سے بندش کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیلا غازی میں واقعہ غازی خالو سبزی و مال مویشی منڈی کو سیکورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

اس کا فیصلہ اسسٹنٹ کمشنر غازی عثمان اشرف کی زیر صدارت سیکورٹی کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اجلاس میں تحصیل انتظامیہ، سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ کے اہلکاروں، ایس ایچ او غازی عبدالریحان نے بھی شرکت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں نے منڈی کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں دہشت گردی کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر غازی عثمان اشرف کے غیر معینہ عرصہ کے لئے بند کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ غازی خالو سبز ی منڈی میں بہت زیادہ رش ہوتاہے جس کی سیکورٹی ممکن نہیں ہے۔ سبز ی منڈی کو دہشت گردی کے لئے ایک آسان ٹارگٹ سمجھ جاتاہے۔ جس کے حوالے سے حساس اداروں نے بھی اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ تربیلا غازی کے علاقوں میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ عدالت سمیت دیگر مقامات کی سیکورٹی کو بھی سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ پولیس ،سی ٹی ڈی سمیت دیگر ادارے بھر پور گشت کر رہے ہیں اور مشکوک افراد کی چیکنگ کر کے اُنکے کوائف معلوم کئے جا رہے ہیں۔