وزیراعظم نوازشریف چینی صدر کی دعوت پر مئی میں چین کا دورہ کریں گے

چینی رہنمائوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کریں گے

بدھ 1 مارچ 2017 19:15

وزیراعظم نوازشریف چینی صدر کی دعوت پر مئی میں چین کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مارچ2017ء) وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ وہ چین کے صدر شی چن پھنگ کی دعوت پر امسال مئی میں چین کا دورہ کریں گے،وہ بیلٹ و روڈ فورم برائے بین الاقوامی ترقی جس کی میزبانی چینی حکومت کرے گی میں شرکت کرنے جائیں گے،وہ اس موقع پر چین پاکستان اقتصادی راہداری جو کہ بیلٹ و روڈ منصوبے کا پائلٹ اور اہم پراجیکٹ ہے کے تحت دونوںممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ بات انہوں نے گذشتہ روز یہاں چین کے ایگزیکٹو نائب وزیرخارجہ یی سوئی جانگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔یی سو ئی جانگ خصوصی دعوت پر ای سی او این سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے آئے ہیں۔آئندہ فورم میں علاقائی و عالمی اقتصادی مسائل کے حل ،بین المربوط ترقی کیلئے نئی توانائی کے حصول اور اس امر کو یقینی بنانے کہ بیلٹ و روڈ منصوبہ سے متعلقہ ممالک کی عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچیں طریقے تلاش کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چینی صدر نے بیلٹ و روڈ منصوبہ 2013میں پیش کیا تھا جس کا مقصد قدیم شاہراہ ریشم کے تجارتی راستوں کے ساتھ واقع یورپ اور امریکہ کے ساتھ ایشیاء کو ملانے کیلئے تجارتی و بنیادی ڈھانچہ نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔اس کے بعد سے 100سے زیادہ ممالک اور تنظیموں نے اس تجویز کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے اور چالیس سے زیادہ ممالک اور تنظیموں نے چین کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔…(خ م)