پاک بحریہ کے دو بحری جہاز ٹیپو سلطان اور جرات خیر سگالی دورہ پر خلیج فارس کی بندرگاہ پہنچ گئے

اتوار 12 مارچ 2017 23:11

پاک بحریہ کے دو بحری جہاز ٹیپو سلطان اور جرات خیر سگالی دورہ پر خلیج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) پاک بحریہ کے دو بحری جہاز ٹیپو سلطان (DDG-185) اور جرات تین روزہ خیر سگالی دورہ پر خلیج فارس کی بندرگاہ بندرعباس پہنچ گئے۔ بندر عباس پورٹ پہنچنے پر پاکستانی بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تہران سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق کموڈور مرزا فواد امین بیگ، ایس آئی (ایم) 18 ویں ڈسٹراٹر سکواڈرن کے کمانڈر پاک بحریہ کے ٹاسک گروپ کی بطور مشن کمانڈر کمان کر رہے ہیں۔

اس دورے کا مقصد خطہ میں امن اور سلامتی کا فروغ، بحری تعاون میں اضافہ اور دونوں دوست ممالک کی بحری افواج کے درمیان دو طرفہ تعاون کی نئی راہیں ہموار کرنا ہے۔ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ قریبی تعلقات ہیں اور یہ تعلقات باہمی دلچسپی کی بہت مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

برادر پڑوسی ملک کی حیثیت سے دونوں ممالک کی بحریہ کے بحری جہاز متواتر ایک دوسرے کی بندرگاہوں کے دورے کرتے ہیں اور بحری تجربات کے تبادلوں اور علاقائی سلامتی کی بہتری کیلئے بحری مشقوں میں حصہ لیتے ہیں۔

بحری بیڑے ٹیپو سلطان اور جرات کے دورہ ایران دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین دوطرفہ قریبی رابطوں اور مضبوط رشتوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ قبل ازیں ایرانی بحری بیڑے لاوان، کوتارات، فالکن اور خنجر نے 27 سے 30 ستمبر کو کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور بحری مشقوں میں حصہ لیا۔ اس دوران پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پاک بحریہ کا خطہ میں رسوخ مسلسل بڑھ رہا ہے اور پاکستان نیوی مختلف علاقائی اور بین الاقوامی کثیر القوی بحری مشقوں میں بھی حصہ لے رہی ہے جن میں اپریل 2004ء سے اتحاری بحری مہم پلان (سی ایم سی پی) بھی شامل ہے جس کا مقصد بحری ماحول کو غیر قانونی مقاصد کیلئے استعمال کو روکنا ہے جس کی روک تھام بھی شامل ہے۔

پاک بحریہ کے بحری بیڑے کے دورہ ایران کا مقصد علاقائی امن کی جانب ایک اہم کوشش ہے اور بحری لائنز کے رابطوں میں اضافہ اور بحری مسافروں کے سفر کو محفوظ بنانا ہے۔ اس دورہ کے دوران دونوں ملکوں کی بحری افواج متعدد باہمی دلچسپی کے پروگراموں ، اہم اجلاسوں کا انعقاد ہوگا۔ دونوں بحری افواج پیشہ وارانہ تیاریوں اور بحری تعاون کی مشقوں میں بھی حصہ لیں گے۔