نیوز اینکر کو خود اپنے شوہر کی حادثاتی موت کی اطلاع چینل پربراہ راست دینا پڑگئی

ہفتہ 8 اپریل 2017 21:59

نیوز اینکر کو خود اپنے شوہر کی حادثاتی موت کی اطلاع چینل پربراہ راست ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2017ء)خبریں پہنچانے والوں کی زندگیوں میں بھی بعض اوقات ایسے لمحات آتے ہیں جب پیشہ ورانہ امور کی ذمہ داری بھی امتحان بن جاتی ہے،بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں نیوز اینکر کو خود اپنے شوہر کی حادثاتی موت کی اطلاع چینل پربراہ راست دینا پڑی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق 28 سالہ سپریت کور کا کام ایک علاقائی نیوز چینل پر خبریں پڑھنا ہے تاہم اس وقت انتہائی نازک صورتحال پیدا ہو گئی جب براہِ راست نشریات کے درمیان رپورٹر نے اسے ایک ٹریفک حادثے کی تفصیلات فراہم کیں۔

حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں اس کا شوہر بھی سوار تھا۔ خبر پڑھتے وقت ہی وہ جان چکی تھی کہ ہلاک شدگان میں اس کا شوہر بھی شامل ہو سکتا ہے مگر اس نے کمال ضبط سے خبر پڑھی اور ناظرین کو گمان تک نہ ہونے دیا کہ اس پر کیا قیامت گزر گئی ہے۔ سٹوڈیو سے باہر آتے ہی اس کے شوہر کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی اور وہ پھوٹ پھوٹ کے رونے لگی۔